ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ایران:سکیورٹی فورسز کے فائرنگ سے ایک کارکن ہلاک

ایران:سکیورٹی فورسز کے فائرنگ سے ایک کارکن ہلاک

Sat, 27 Aug 2016 15:29:50    S.O. News Service

تہران،27اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ایران میں سکیورٹی فورسز کے خصوصی دستے نے آذر ترک قومیت کے حامل ایک کارکن کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔ خصوصی دستے کے اہل کاروں نے ملک کے شمال مغرب میں ایرانی سرحد پر واقع ایک گاؤں میں نشہ آور مشروبات کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے ساتھ جھڑپ کے دوران ، مذکورہ کارکن کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ایرانی سرکاری میڈیا نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ مقتول شہری صیاد نجاد علی ایران ، آذربائیجان اور آرمینیا کے سرحدی تکون پر واقع گاؤں حسرتان میں ہلاک ہوا۔ ادھر ترک کارکنان کا کہنا ہے کہ صیاد نجاد کو سیکورٹی فورسز نے جان بوجھ کر قتل کیا۔ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی ’’ارنا‘‘نے عدالتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی اور غیرملکی باشندوں پر مشتمل اسمگلنگ گروپ نے آرمینیا کی سرحد کے راستے تقریبا پانچ ارب ریال (1لاکھ 30ہزار ڈالر)مالیت کے نشہ آور مشروبات داخل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نیٹ ورک میں شامل ایک شخص ہلاک ہو گیا۔تاہم ایرانی آذربائیجان صوبے کی خبروں کی کوریج کرنے والی ’’آراز نیوز‘‘ویب سائٹ کے مطابق مقتول کی بیوہ طاہرہ علی نے بتایا ہے کہ انٹیلی جنس کے اہل کاروں کی جانب سے اس کو یہ آگاہ کیا گیا کہ سکیورٹی فورسز کے اہل کار نشہ آور مشروبات کی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے کسی دوسرے شخص کو تلاش کر رہے تھے کہ اس دوران صیاد نجاد علی غلطی سے قتل ہو گیا۔مقتول کی بیوہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ انٹیلی جنس نے اس معاملے کو عدالت میں پیش کردیا ہے۔ اس دوران یہ خبریں بھی ہیں کہ حکام مقتول کے گھر والوں کو دیت کی ادائیگی کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنے سے بچا جا سکے۔دوسری جانب گاؤں کے اہلیان نے ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس میں حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات مکمل کر کے ذمہ دار افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے۔


Share: